پٹرول مہنگا نہیں ،یکم دسمبر سے پٹرول سستا کرنے کا اعلان وزیر خزانہ اسد عمر

وزیر خزانہ نے پیٹرول مہنگا کرنے کی سمری مسترد کردی، یکم دسمبر سے پیٹرول سستا کرنے کا اعلان، اسد عمر کا کہنا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں یکم دسمبر سے اضافہ نہیں بلکہ کمی ہوگی، اوگرا کی جانب سے تیار کی گئی سمری منظور نہیں کی جائے گی۔ تفصیلات کے مطابق وزیر خزانہ اسد عمر نے اوگرا کی جانب سے تیار کردہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھانے کی سمری مسترد کردی ہے۔وزیر خزانہ اسد عمر کا کہنا ہے کہ اوگرا کی جانب سے تیار کی گئی سمری منظور نہیں کی جائے گی۔ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں یکم دسمبر سے اضافہ نہیں بلکہ کمی ہوگی۔ عالمی مارکیٹ میں خام تیل سستا ہو رہا ہے، اس لیے پاکستان میں بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی جائے گی۔اس سے قبل خبر سامنے آئی تھی کہ اوگرا نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری تیار کی ہے۔اوگرا کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں 2 روپے سے لے کر 9 روپے تک مہنگی کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔ اوگرا نے سمری پیٹرولیم ڈویژن کو ارسال کرتے ہوئے درخواست کی ہے کہ سفارش کردہ قیمتوں کا اطلاق یکم دسمبر سے کیا جائے۔ اوگرا کی جانب سے پیٹرولیم ڈویژن کو ارسال کردہ سمری کے مطابق پٹرول کی قیمت میں 6روپے 21پیسے فی لیٹر، ڈیزل کی قیمت میں 2روپے فی لیٹر، مٹی کےتیل کی قیمت میں 9روپے91پیسےفی لیٹر جبکہ لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں 7روپے79پیسے فی لیٹر اضافے کی سفارش کی گئی ہے۔پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے سمری وزارت خزانہ کو بھجوائی جائے گی۔ وزارت خزانہ کی منظوری کے بعد ہی اوگرا کی سفارش کردہ نئی قیمتوں کا اطلاق ہو سکے گا۔ امکان ظاہر کیا جا رہا تھا کہ وزارت خزانہ اوگرا کی جانب سے تیار کردہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری مسترد کردے گی۔ اب وزیر خزانہ نے بھی اوگرا کی سمری مسترد کرنے کا اعلان کیا ہے۔

اپنے دوستوں کے ساتھ شیئر کریں

یہ بھی پڑھیے

Leave a Comment