حملہ آوروں کی فائرنگ،بینک آف بلوچستان،الیکشن

گورنر اور وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کراچی میں چینی قونصل خانے پر حملے کی مذمت اور جانی نقصان پر افسوس کا اظہار

ترجمان گورنر ہائوس کے مطابق گورنر بلوچستان امان اللہ یاسین زئی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ایسے واقعات پاکستان اور چائنا کی تاریخی دوستی کے خلاف سازش ہیں اور پاکستان ایسی سازشیں ناکام بنانے کے لئے تیار ہے ، انہوں نے کہا ہے کہ واقعہ میں شہید ہونے والے سیکورٹی اہلکاروں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا، زیراعلیٰ  بلوچستان جام کمال نے بھی واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے شہید سیکورٹی اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہدہشت گردی کا حملہ بر وقت ناکام بنانے پر سیکورٹی ادارے خراج تحسین کے مستحق ہیں ، پاکستانی قوم دہشت گری کے خلاف متحد ہیں۔
پنجگور میں موٹر سائیکل سوار حملہ آوروں کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق

لیویز کے مطابق واقعہ پاک ایران سرحدی علاقے پروم میں پیش آٰیا جہاں نامعلوم موٹر سائیکل سوار دو حملہ آوروں نے فائرنگ کر دی جس کےنتیجے میں ایک شخص علی بخش ولد محمد یوسف جس کا تعلق آواران سے بتایا جاتا ہے جاں بحق ہو گیا ، فائرنگ کے بعد حملہ آور فرار ہو گئے ، اطلاع ملتے ہی لیویز موقع پرپہنچی اور لاش اسپتال منتقل کی جہاں ضروری کارروائی کے بعد اسے آبائی علاقے روانہ کر دیا گیا ، لیویز کا کہنا ہے کہ ٹارگٹ کلنگ سمیت واقعے کے دیگر پہلوئوں پر تحقیقات جاری ہیں ۔
بلوچستان کابینہ کا اجلاس بینک آف بلوچستان کے قیام کی فزیبلیٹی رپورٹ کی تیاری کی منظوری

وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کی زیرصدارت وزیراعلیٰ سیکریٹریٹ میں صوبائی کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایجنڈے میں شامل مختلف امور کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے متفقہ طور پر اہم فیصلے کئے گئے، صوبائی کابینہ نے محکمہ خزانہ کی جانب سے بینک آف بلوچستان کے قیام کے پیش کئے گئے ایجنڈا سے اتفاق کرتے ہوئے بینک کے قیام کی فزیبلیٹی رپورٹ کی تیاری کی اصولی طور پر منظوی دی جبکہ بلوچستان ریونیو اتھارٹی اور بلوچستان پبلک پروکیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی کی خودمختار حیثیت برقرار رکھتے ہوئے ان اداروں کا انتظامی کنٹرول محکمہ خزانہ کو دینے کے لئے رولز آف بزنس میں تبدیلی کی منظوری بھی دی گئی، صوبائی کابینہ نے سپریم کورٹ آف پاکستان دیامیر بھاشاڈیم فنڈ کے لئے عطیات کو بلوچستان سیلز ٹیکس برائے فراہمی خدمات سے مستثنیٰ کرنے کی منظوری بھی دی۔
پاکستان مسلم لیگ(ن) بلوچستان کے الیکشن آج جمعہ کوہونگے

الیکشن اتھارٹی کے مطابق گزشتہ روز کاغذات نامزدگی صبح 11بجے سے 5بجے تک وصول کئے گئے ۔ جس کیلئے صوبائی صدر وجنرل سیکرٹری کے عہدوں کیلئے پارٹی رہنماؤں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے،صوبائی صدر کیلئے جنرل(ر) عبدالقادر بلوچ نے مقررہ وقت تک کاغذات نامزدگی جمع کرائے جس کے مقابلے میں کسی اُمیدوار نے کاغذات نامزدگی جمع نہیں کرائے ، جبکہ جنرل سیکرٹری کے عہدے کیلئے جمال شاہ کاکڑ ، عبدالمنان درانی ، نسیم الرحمان ملاخیل ، نصیر خان اچکزئی اور علی احمد جتک نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے آج صبح 10بجے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال جبکہ اُمیدوار 11بجے کاغذات نامزدگی واپس لے سکیں گے ، 12بجے حتمی فہرست اور 12بجے سے 3بجے تک صوبائی کونسل ارکان اپنے اُمیدواروں کے حق میں ووٹ کاسٹ کریں گے ۔

اپنے دوستوں کے ساتھ شیئر کریں

یہ بھی پڑھیے