قومی ائرلائن پی آئی اے کے طیارے کو حادثہ پیش

کراچی سے پنجگور جانے والے قومی ائرلائن پی آئی اے کے طیارے کو حادثہ پیش آیا ہے، تاہم بتایا گیا ہے کہ طیارہ اور مسافر خوش قسمتی سے محفوظ رہے۔ ذرائع کے مطابق اے ٹی آر طیارے کی پرواز پی کے 517 لینڈنگ کے دوران رن وے سے اتر گئی اور اس کے ٹائر پھٹ گئے۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق طیارے کے 57 مسافر محفوظ رہے اور امدادی اور سیکورٹی اہل کار فوری طور پر طیارے کے پاس پہنچے اور مسافروں کو بحفاظت نکالنے میں کامیاب ہوئے۔ ترجمان نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ کراچی سے پنجگور جانے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے 517 کو پنجگور میں لینڈنگ کے دوران معمولی حادثہ پیش آیا اور طیارہ رن وے سے ہٹ گیا۔ٹائروں کو معمولی نقصان پہنچنے کے باعث واپسی کی پرواز میں کچھ تاخیر متوقع ہے۔
پی آئی اے کے سی ای او ارشد ملک نے حادثے کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق طیارہ پائلٹ کی غفلت کی وجہ سے رن وے سے اترا اور اس کے 2 پہیوں کو کافی نقصان پہنچا ہے۔ دوسری جانب سول ایوی ایشن نے بھی تحقیقات کا حکم جاری کردیا ہے اور رپورٹ میں پائلٹ کی غلطی ثابت ہونے پر لائسنس کی معطلی اور جرمانہ بھی عائد کیا جا سکتا ہے ۔

اپنے دوستوں کے ساتھ شیئر کریں

یہ بھی پڑھیے

Leave a Comment