سپریم کورٹ نے دہری شہریت کیس میں (ن) لیگ کے 2 سینیٹرز کو نا اہل قرار دیدیا

نااہل قرارپانے والی سعدیہ عباسی سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی بہن جبکہ ہارون اخترخان تحریک انصاف کے راہنماءہمایوں اخترخان کے بھائی ہیں

سپریم کورٹ آف پاکستان نے مسلم لیگ (ن) کے سینیٹرز ہارون اختر اور سعدیہ عباسی کو نااہل قرار دے دیا ہے. چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے لارجر بینچ نے دوہری شہریت کیس کی سماعت کی. سماعت کے دوران ہارون اختر کے وکیل علی ظفر نے عدالت کو بتایا کہ ان کے موکل نے شہریت چھوڑنے کے لیے دوخواست دے رکھی ہے.
چیف جسٹس نے کہا کہ ہم قرار دے چکے ہیں کہ جب تک دوہری شہریت ختم نہیں ہوگی رکن پارلیمنٹ بننے کا اہل نہیں ہوگا. انہوں نے کہا کہ ہارون اختر کے پاس کینیڈا کی شہریت تھی اور جس دن انہوں نے کاغذات نامزدگی داخل کیے اس روز ان کے پاس دوہری شہریت تھی.

سعدیہ عباسی کے وکیل احمر بلال صوفی نے عدالت کو بتایا کہ ان کی موکلہ نے امریکی شہریت چھوڑ دی ہے اور جس دن سے شہریت چھوڑنے کی درخواست دی اسی دن سے موثر ہوگی.

اس موقع پر جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ امریکی قانون کے مطابق اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ شہریت چھوڑنے کی درخواست منظور کرتا ہے، جبکہ جس دن کاغذات نامزدگی جمع کرائے اس دن شہریت چھوڑنے کا عمل لکھا نہیں ہوا تھا. سابق سینیٹر اور موجودہ گورنر پنجاب چوہدری سرور کی شہریت کے حوالے سے بھی عدالت میں دستاویزات داخل کی گئیں، جن کی سپریم کورٹ نے وزارت خارجہ کو 6 ہفتوں میں برطانیہ کے دفتر خارجہ سے تصدیق کرانے کی ہدایت کی.
سینیٹر نزہت صادق کی جانب سے بھی دستاویزات پیش کی گئیں جن کے مطابق انہوں نے مارچ 2012 میں شہریت چھوڑ دی تھی. عدالت نے دستاویزات امریکی محکمہ خارجہ سے تصدیق کرانے کی ہدایت کی. عدالت نے ہارون اختر اور سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی ہمشیرہ سعدیہ عباسی کو آرٹیکل 63 (ون) کے تحت نااہل قرار دیا اور الیکشن کمیشن کو انہیں ڈی نوٹیفائی کرنے کا حکم دیا.
ساتھ ہی سپریم کورٹ نے سینیٹ کی دونوں نشستوں پر انتخاب کو کالعدم قرار دے دیا.چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ سعدیہ عباسی اور ہارون اختر چاہیں تو دہری شہریت چھوڑ کر دوبارہ سینیٹ کے انتخابات میں حصہ لے سکتے ہیں، عدالت کے سامنے کئی ارکان نے دہری شہریت کا حصول تسلیم کیا ہے جب کہ شہریت تسلیم کرنے کے بعد متعلقہ ممالک سے تصدیق کی ضرورت نہیں.نااہل قرارپانے والی سعدیہ عباسی سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی بہن جبکہ ہارون اخترخان ضمنی انتخابات میں این اے 131لاہور سے تحریک انصاف کے امیدوار ہمایوں اخترخان کے بھائی ہیں. دونوں سینیٹرز کی نااہلی کے بعد الیکشن کمیشن ان دونوں سینیٹ کی نشستوں پر چند روزمیں الیکشن کا اعلان کرے گا.

اپنے دوستوں کے ساتھ شیئر کریں

یہ بھی پڑھیے

Leave a Comment